کراچی کے طلبا کے لیے بڑی خوشخبری، کے ایم یو میں کالج آف نرسنگ کی منظوری

کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی (کے ایم یو) نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے، جہاں جلد نرسنگ اسکول کی کلاسز شروع ہونے کا امکان ہے۔
حکام کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں کالج آف نرسنگ کے قیام کے لیے باقاعدہ این او سی جاری کر دیا ہے۔ یہ منظوری متعلقہ انسپیکشن کمیٹی کی مثبت سفارشات کے بعد دی گئی۔
ابتدائی مرحلے میں یونیورسٹی کو دو اہم تعلیمی پروگرامز شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے، جن میں چار سالہ بی ایس نرسنگ ڈگری پروگرام اور کمیونٹی مڈوائفری ڈپلومہ پروگرام شامل ہیں۔
اس پیشرفت سے کراچی میں نرسنگ کی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جو صحت کے شعبے میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی حتمی منظوری پاکستان نرسنگ کونسل کی جانب سے دی جائے گی، جس کے بعد باقاعدہ داخلوں اور کلاسز کا آغاز کیا جائے گا۔










